کاروار 11؍جون (ایس او نیوز)کاروار میں ہندوستانی بحریہ کے اڈے کدمبا پر موجود جنگی جہاز آئی این ایس وکرما دتیہ کے سیویج ٹریٹمنٹ پلانٹ کی مرمت کے دوران گیس سلینڈر میں دھماکہ ہوگیا اور اس کے نتیجے میں گیس سانس میں داخل ہونے کی وجہ سے بحریہ کے دوجوان اور دو عام ملازمین بیمار ہوگئے۔ ان چاروں کو فوری طورپر علاج کے لئے پتانچلی سپتال پہنچایا گیا مگر ان میں سے دو کی موت واقع ہوگئی ہے۔بقیہ دو کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ ان کی طبیعت میں اب سدھار ہورہا ہے اور وہ خطرے سے باہر ہیں۔
بہت زیادہ زہریلی گیس پھیپھڑوں میں داخل ہونے سے ہلاک ہونے والوں کی شناخت بہار کے رہنے والے بحریہ کے جوان راکیش کمار (۲۸ سال) اور رویل میرین کمپنی کے ملازم موہن داس کولمبیکر (۲۷سال) کے طور پر کی گئی ہے۔موہن داس کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ وہ کاروار کے آمدالّی کا رہنے والا تھا۔دوسرے متاثرین میں بحریہ کا جوان بہار کا رہنے والا سمیت کمار اور ایک مقامی شخص کاروار ماجالی کا رہنے والاگجانن نائک شامل ہے۔
اس واردات کی خبر ملتے ہی ضلع ڈی سی اجول کمار گھوش اور ایس پی ونشی کرشن نے اسپتال پہنچ کر زخمیوں کی خبر گیری کی۔کاروار دیہی پولیس اسٹیشن میں کیس درج کرلیا گیا ہے اور معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔